منگلورو 17/ مئی (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی اور ایلّو الرٹ کے مطابق ساحلی علاقہ میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ جبکہ 18 مئی کے لئے جنوبی کینرا اور اڈپی کے ڈپٹی کمشنروں نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے ۔
کل 16 مئی کو صبح سے ہی جنوبی کینرا اور اڈپی کے مختلف مقامات پر برسات شروع ہوگئی تھی ۔ شام ہوتے ہوتے بھٹکل سمیت دیگر ساحلی علاقوں میں بھی بادلوں کی گھن گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ زوردار بارش ہونے لگی ۔ جس سے منگلورو شہری علاقے میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت اور پیدل آنے جانے والوں کے لئے رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔ سمارٹ سٹی کا جو تعمیراتی کام چل رہا ہے اس کی وجہ سے سڑکوں کی خراب حالت کو برساتی پانی نے مزید بگاڑ کر رکھ دیا ۔
اڈپی ضلع کے کنداپور، کاپو، بیندور، برہماور جیسے مختلف علاقوں میں بھی برسات نے اپنا زور دکھایا ۔ کئی جگہ درختوں کی شاخیں ٹوٹ کر گر گئیں جس سے بجلی سپلائی متاثر ہوئی ۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کی بنیاد پر دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع میں 18 مئی کی صبح 8:30 بجے سے 19 مئی کی صبح 8:30 بجے تک ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ساحلی علاقہ میں شدید بارش ہونے کے علاہ 40 تا 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے امکانات بتائے گئے ہیں ۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی کینرا ، اڈپی اور شمالی کینرا کے ماہی گیروں کو سمندر میں کشتیاں اتارنے اور مچھلی کے شکار پر نکلنے سے منع کیا ہے ۔ ان تینوں اضلاع میں 18 مئی سے 20 مئی کے دوران 115 ایم ایم سے 205 ایم ایم تک بارش ہونے کی توقع ظاہر کی ہے ۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو چوکنا رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔